انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 مقابلوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ کے بعد جو روٹ مستقل ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ ڈین لارنس، جورڈن کاکس، اولی پوپ اور سام کک کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 19 اگست سے شروع ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 میچوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی بین اسٹوکس کے بعد انگلینڈ کے ٹیسٹ کرکٹ کے نئے دور کا باقاعدہ آغاز بھی ہوچکا ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا، جہاں جو روٹ مستقل ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے اپنی پہلی ذمہ داری نبھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے
اسکواڈ میں ڈین لارنس، اولی پوپ اور سام کک کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ نوجوان بیٹر جورڈن کاکس کو بھی دوبارہ شامل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، یہ موقع انہیں جیکب بیتھل کی انجری کے باعث ملا ہے، جو گھٹنے کی تکلیف کے باعث پوری پاکستان سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
ڈین لارنس چھٹے نمبر پر بیٹننگ کرینگے جبکہ ان کی آف اسپن بولنگ ٹیم کو اضافی آپشن فراہم کرے گی، جس سے انگلینڈ کو چار فرنٹ لائن فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اسکواڈ میں اسپنر شعیب بشیر کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولرز میں جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، میتھیو فشر، اولی رابنسن، برائیڈن کارس اور سام کک شامل ہیں۔ برائیڈن کارس بھی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
پاکستان کے خلاف یہ سیریز انگلینڈ کے نئے کوچنگ سیٹ اپ کے تحت بھی پہلی سیریز ہوگی، برینڈن میک کولم کے ٹیسٹ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد مارکس ٹریسکوتھک عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ نئے مستقل ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ ستمبر میں ٹیم کا چارج سنبھالیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز 19 اگست سے شروع ہوگی۔