انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئےہیں۔
تفصیلات کے مطابق دی ہنڈرڈ میں مانچسٹر سپر جائنٹس کی قیادت کرتے ہوئے بٹلر نے ویلش فائر کے خلاف صرف 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ جوز بٹلر کی اننگز کی بدولت ان کی ٹیم نے 156 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔
اس اننگز کے بعد جوز بٹلر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مجموعی رنز 14,833 ہو گئے جو انہوں نے 492 اننگز میں بنائے یوں جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کیرون پولارڈ کے 14,803 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ۔
اس طرح پولارڈ نے یہ رنز 663 ٹی ٹونٹی اننگز میں سکور کیے۔
اپنی کامیابی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانا واقعی ایک شاندار اور فخر کا لمحہ ہے, یقیناً ایک دن کوئی نہ کوئی اس ریکارڈ کو توڑ دے گا۔‘
کچھ ماہ قبل خراب فارم اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں حالات بدلتے دیر نہیں لگتی۔ چند ماہ پہلے میں فارم کے لیے جدوجہد کر رہا تھا اور آج میں شاید اپنی بہترین بیٹنگ کر رہا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کی فارم خراب ہو تو دو ہی راستے ہوتے ہیں کہ یا تو ہمت ہار دیں یا پھر دوبارہ واپسی کا جنون دکھائیں۔
اس فہرست میں ویسٹ انڈیز ہی کے سابق کرکٹر کرس گیل بھی شامل ہیں جنہوں نے 455 ٹی ٹونٹی اننگز میں 14,562 رنز سکور کیے۔