ملک میں سونے کی قیمت میں آج بھی مسلسل دوسرے روز بڑا اضافہ ہو گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں آج پھر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 11 ہزار 300 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 49 ہزار 236 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 9688 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 85 ہزار 147روپے ہوگئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 113 ڈالرز کے اضافے سے 4268 ڈالرز فی اونس ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت 35 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 659 روپے ہو گئی۔
سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔