ایک ماہ میں 5 ہزار 438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ، ایس ای سی پی نے ریکارڈ قائم کر لیا

ایک ماہ میں 5 ہزار 438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ، ایس ای سی پی نے ریکارڈ قائم کر لیا

پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں نے نئی بلندی حاصل کر لی ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جولائی 2026 کے دوران ایک ہی ماہ میں 5 ہزار 438 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ قائم کر دیا جو ملکی کارپوریٹ تاریخ میں ایک ماہ کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ رجسٹریشن قرار دی جا رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں نجی شعبے کی سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے رجحان اور کاروباری اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں کا اندراج معیشت میں مثبت پیش رفت اور کاروباری ماحول میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا ملک گیر ہڑتال کا ا علان

جولائی کے دوران پانچ بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے۔ ان کمپنیوں کا تعلق ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور چین سمیت مختلف ممالک سے ہے، جسے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی 112 کمپنیوں میں غیر ملکی ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان کی مختلف اقتصادی سرگرمیوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

رجسٹرڈ کمپنیوں میں 3 ہزار 148 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں شامل ہیں جبکہ صوبائی سطح پر پنجاب سب سے آگے رہا جہاں 2 ہزار 756 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ہزار 53، سندھ میں 864، خیبرپختونخوا میں 450، گلگت بلتستان میں 180 اور بلوچستان میں 135 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

شعبہ وار جائزے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سب سے نمایاں شعبہ ثابت ہوا، جہاں ایک ہزار 8 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔ اس کے بعد ٹریڈنگ کے شعبے میں 845، سروسز میں 638، تعمیرات میں 348، خوراک اور مشروبات میں 256، سیاحت میں 207، ای کامرس میں 181، تعلیم میں 165، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ میں 162 اور کارپوریٹ زراعت میں 145 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

 یہ بھی پڑھیں :ایرانی ریال کی مانگ میں طوفانی اضافہ، پانچ دن میں اڑھائی کھرب کا کاروبار

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس جیسے شعبوں میں تیزی سے بڑھتی رجسٹریشن اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت مسلسل وسعت اختیار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کاروبار دوست پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

editor

Related Articles