پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کے پانچویں اسپیل کے کل سے شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی۔
پی ڈی ایم اے کےمطابق بارشوں کا نیا سلسلہ پنجاب کے مختلف اضلاع کومتاثر کرےگا ، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ،ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث موسم خوش سرگودھا، چنیوٹ، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں مون سون کی جاری بارشوں نےمختلف اضلاع میں تباہی مچا دی ہے جہاں فلیش فلڈ اور گھروں کی چھتیں و دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 9 افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے ہیں جبکہ 103 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بارش کے دوران ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔