خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور گرد ونواح میں تیسرے روز بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے ،بارشوں کے باعث آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے جہاں جھیل روڈ اور ناران جھل کھڈ روڈ پر پھنسےسیاحوں کا ناران منتقل کر دیا گیا
میڈیا رپورٹ کے مطابق مانسہرہ اور گرد ونواح میں تیسرے روز بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو 3سے 4 روز تک بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ۔
دوسری جانب مانسہرہ کے علاقے ناران میں فلیش فلڈ (سیلابی ریلے) کے باعث جھیل روڈ پر شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس کی وجہ سے یہ سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر کے ڈی اے (KDA) کی بھاری مشینری جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہے اور سڑک کی بحالی سمیت ملبہ ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
سڑک کی بندش کے باعث مختلف مقامات پر متعدد سیاحوں کی گاڑیاں اور جیپیں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کی جانب سے عوام سے پرزور گزارش کی گئی ہے کہ سڑکیں مکمل طور پر بحال ہونے تک ناران کی طرف غیر ضروری سفر سے سخت گریز کریں بالائی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل متعلقہ اداروں اور ریسکیو اہلکاروں کی ہدایات پر لازمی عمل کریں۔
دریں اثنا خیبرپختونخوا میں بارشوںنے تباہی مچائی ہے ، اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، چترال لوئر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم میں پیش آئے، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی، ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے مزیدب تایا کہ صوبہ کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطع اور بہاو معمول کے مطابق ہے، تیز بارشوں کا یہ سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پہلے ہی سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لئے مراسلہ جاری کیا ہوا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔