اگست 2026 پاکستانیوں کے لیے آرام، تفریح اور قومی و مذہبی تقریبات کا مہینہ ثابت ہونے کا امکان ہے، کیونکہ وفاقی عوامی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر اس مہینے میں مجموعی طور پر 12 تعطیلات متوقع ہیں، جو اسے رواں سال کا سب سے زیادہ چھٹیوں والا مہینہ بنا سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی نوٹیفیکیشن اور سرکاری کیلنڈر کے تحت اگست 2026 میں ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ دو وفاقی عوامی تعطیلات بھی شامل ہوں گی، جس کے نتیجے میں شہریوں کو مجموعی طور پر 12 چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔
اگست میں یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو تین روزہ طویل ویک اینڈ بھی میسر آئے گا۔ اس سال 14 اگست بروز جمعہ ہونے کے باعث جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی مسلسل تین تعطیلات شہریوں کو ایک طویل وقفہ فراہم کریں گی۔
دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری سالانہ عوامی، بینک اور آپشنل تعطیلات کے نوٹیفیکیشن کے مطابق 25 اگست 2026 بروز منگل عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
اگر سرکاری کیلنڈر میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو اگست 2026 میں ہفتہ وار 10 تعطیلات اور دو وفاقی عام تعطیلات سمیت مجموعی طور پر 12 چھٹیاں ہوں گی، جس کے باعث یہ مہینہ سال 2026 کے دوران سب سے زیادہ تعطیلات والا مہینہ قرار پائے گا۔
ماہرین کے مطابق مسلسل تعطیلات کے باعث سیاحتی مقامات، تفریحی مراکز اور بین الصوبائی سفر میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ شہریوں کو بھی اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور مختلف تقریبات میں شرکت کا موقع میسر آئے گا۔