گرمی کا توڑ ! جاپان نے ایئر کنڈیشنر لگی شرٹ متعارف کروا دی، قیمت بھی سامنے آگئی

گرمی کا توڑ ! جاپان نے ایئر کنڈیشنر لگی شرٹ متعارف کروا دی، قیمت بھی سامنے آگئی

شدید گرمی میں اگر آپ کو ایئر کنڈیشنر کی ٹھنڈی ہوا اپنے ساتھ لے کر چلنے کا موقع مل جائے تو کیسا لگے گا؟ جاپان نے اس خیال کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے،  ایک ایسی کولنگ شرٹ متعارف کرائی گئی ہے جس میں چھوٹے پنکھے اور ری چارج ایبل بیٹری نصب ہے،  یہ شرٹ چلتے پھرتے جسم کے گرد ٹھنڈی ہوا گردش کرکے گرمی کی شدت کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

جاپانی ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی یوفوکو نو آویاما نے پنکھے بنانے والی کمپنی ایف زیڈ این کے اشتراک سے آدھی آستینوں والی یہ منفرد شرٹ تیار کی ہے،  بظاہر یہ عام دفتری لباس جیسی دکھائی دیتی ہے، لیکن اس کے اندر ایک چھوٹا سا کولنگ سسٹم موجود ہے۔

شرٹ میں کولنگ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی کولنگ شرٹ کے پچھلے حصے میں کمر کے قریب دو چھوٹے پنکھے نصب کیے گئے ہیں،  پنکھے آن ہوتے ہی ہوا کو شرٹ کے اندر گردش کراتے ہیں۔

اس عمل سے جسم کے گرد ہوا کا بہاؤ برقرار رہتا ہے، جس سے گرمی میں پہننے والے کو نسبتاً ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے ، خاص بات یہ ہے کہ اس پورے نظام کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ شرٹ دیکھنے میں عام دفتری لباس ہی لگتی ہے۔

جاپان میں اس طرح کے کولنگ ملبوسات بالکل نئے نہیں ، گزشتہ چند برسوں سے تعمیرات، صفائی اور ایونٹ سکیورٹی جیسے شعبوں میں کام کرنے والے افراد انہیں استعمال کر رہے ہیں تاہم عموماً یہ لباس جیکٹ یا ویسٹ کی شکل میں ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :اب روزانہ کپڑے دھونے کی جھنجھٹ ختم؟ 30 دن تک استعمال ہونیوالی ٹی شرٹ متعارف

اب بڑھتی ہوئی گرمی نے عام شہریوں اور دفتری ملازمین کے لیے بھی گرمی سے بچنے والی شرٹ کی ضرورت بڑھا دی ہے،  اسی وجہ سے کمپنی نے ایسا ڈیزائن متعارف کرایا ہے جسے دفتر، سفر اور روزمرہ زندگی میں بھی باآسانی پہنا جا سکتا ہے۔

پنکھے اور بیٹری کا وزن کتنا ہے؟

کمپنی کے مطابق شرٹ میں لگے دونوں پنکھوں میں سے ہر ایک کا وزن 95 گرام ہے، جبکہ ری چارج ایبل بیٹری پیک 165 گرام وزنی ہے۔

ڈیزائنرز نے کوشش کی ہے کہ کولنگ سسٹم کو زیادہ بھاری نہ بنایا جائے۔ ساتھ ہی پنکھوں کو اس طرح نصب کیا گیا ہے کہ وہ شرٹ کی مجموعی شکل کو زیادہ متاثر نہ کریں۔

یہ لباس خاص طور پر ان افراد کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے جو شدید گرمی میں پیدل سفر کرتے ہیں، ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتے ہیں یا پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں،  ایئر کنڈیشنڈ دفتر یا میٹنگ روم میں پہنچنے کے بعد پنکھوں کو بند بھی کیا جاسکتا ہے۔

جاپانی کولنگ شرٹ کی قیمت کتنی ہے؟

رپورٹ کے مطابق  ’کُوچو وئیر شارٹ سلیو شرٹ‘ کا مکمل ابتدائی پیکج 17 ہزار 490 جاپانی ین میں فروخت کیا جا رہا ہے، پیکج میں شرٹ کے ساتھ دونوں پنکھے، ری چارج ایبل بیٹری پیک اور چارجنگ کیبل بھی شامل ہیں۔ یہ شرٹ نیلے اور سرمئی رنگوں میں دستیاب ہے۔

  اس شرٹ کو درمیانے، بڑے اور ایکسٹرا لارج سائز میں پیش کیا گیا ہے، کمپنی کے اسٹورز اور آن لائن شاپ پر اس منفرد لباس کی فروخت بھی شروع ہوچکی ہے۔

کیا مستقبل میں ’اے سی والے کپڑے‘ عام ہوجائیں گے؟

دنیا کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ایسے ملبوسات کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے، خاص طور پر وہ افراد جو زیادہ وقت باہر گزارتے ہیں، ان کے لیے کولنگ شرٹ روایتی جیکٹ یا ویسٹ کے مقابلے میں زیادہ آسان اور ہلکا آپشن بن سکتی ہے۔

یوں جاپان کی یہ ایجاد صرف ایک انوکھا لباس نہیں بلکہ بدلتے موسم اور بڑھتی گرمی کے درمیان ٹیکنالوجی کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی ایک دلچسپ مثال بھی ہے، اگر ایسے لباس مزید سستے اور عام دستیاب ہوگئے تو ممکن ہے مستقبل میں گرمی سے بچنے کے لیے ایئر کنڈیشنر کے ساتھ ساتھ لوگ ’اے سی والے کپڑے‘ بھی استعمال کرتے نظر آئیں۔

editor

Related Articles