تمام ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

تمام ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنے والے تمام ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، جبکہ متعلقہ کمپنیوں سے ماہانہ ادائیگی کی رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔

لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے ورکرز کی تنخواہوں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی، انہوں نے کنٹریکٹرز کے واجبات بھی جلد ادا کرنے پر زور دیا تاکہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

صفائی نظام بہتر بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور فیلڈ مانیٹرنگ کا نظام فعال کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے عملے کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بروقت ادائیگی حکومت کی ذمہ داری ہے،اجلاس میں صوبے کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

مارکیٹوں میں ڈسٹ بن لازمی

مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں اور تجارتی علاقوں میں یکساں ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، تجارتی مراکز سے کوڑا اٹھانے کے لیے مخصوص اوقات کار مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی،انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور شاہراہوں کی دھلائی اور صفائی کا عمل روزانہ صبح 5 بجے شروع کیا جائے، جبکہ تمام خالی پلاٹوں کی صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کے لئے تنخواہ اور پنشن سے متعلق اہم خبر

گھر گھر سے کچرا جمع کرنے کا نظام

وزیراعلیٰ نے صوبے میں گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، ریلوے ٹریکس، پارکوں، گرین بیلٹس، منڈیوں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔

گاڑیوں اور کنٹینرز کی صفائی

اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت استعمال ہونے والی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ پوائنٹس کی باقاعدگی سے دھلائی کی ہدایت بھی کی گئی،مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ کنٹریکٹرز اور واسا کے مینجنگ ڈائریکٹرز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور صفائی کے نظام میں سامنے آنے والی خامیوں کو فوری طور پر دور کریں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

editor

Related Articles