صفدرآباد کے علاقے ٹھوٹھیاں والا شاہکوٹ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے ایک 12 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ایک کو ٹی ایچ کیو صفدرآباد منتقل کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ المناک واقعہ صفدرآباد شیخوپورہ کی تحصیل میں پیش آیا جہاں ایک پرانی عمارت کی چھت اچانک منہدم ہوگئی۔
حادثے میں ملبے تلے دب کر 12 سالہ سیف جان کی بازی ہار گیا جبکہ 18 سالہ سفیان اور 15 سالہ نعمان شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور ایک زخمی کو مزید علاج کے لیے ٹی ایچ کیو صفدرآباد منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی طبی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ریسکیو آپریشن اور امدادی کارروائیاں
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کا عمل شروع کر دیا۔ تمام متاثرین کو ملبے سے نکال کر طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی افراد کے مطابق چھت کافی عرصے سے خستہ حال تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
جائے وقوعہ اور مقامی پس منظر
یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف شہروں میں چھت گرنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں چھت گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور والے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا تھا ۔
اسی طرح لاہور کے گڑھی شاہو میں بھی ایک کوارٹر کی چھت گرنے سے ایک خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔
صفدرآباد کا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان میں خستہ حال عمارتوں کے مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ جس طرح لاہور اور دیگر شہروں میں چھت گرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، یہ معاملہ عمارتوں کی حالت اور تعمیراتی معیارات پر سنجیدگی سے غور کرنے کا متقاضی ہے۔ زیادہ تر متاثرین کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جو اپنی عمارتوں کی مرمت کی استطاعت نہیں رکھتے ۔
واضع رہے کہ بارش کا پانی اور پرانی تعمیرات اس طرح کے واقعات کی بڑی وجہ ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ خستہ حال عمارتوں کا باقاعدہ جائزہ لے اور عوام کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے