پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ریلیف دیتے ہوئے جولائی 2026 کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کی مقررہ تاریخ سے ایک روز قبل ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کی تنخواہیں، الاؤنسز اور پنشن 31 جولائی 2026 کو ادا کی جائیں گی، جبکہ معمول کے مطابق ادائیگی یکم اگست کو ہونا تھی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قبل از وقت ادائیگی کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات ہیں، جس کے باعث ملازمین اور پنشنرز کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب فنانشل رولز کے تحت تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کی منظوری دی ہے۔
اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نوٹیفکیشن اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب، تمام ٹریژری افسران، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ ادائیگی کا عمل مقررہ تاریخ پر مکمل کیا جا سکے۔
اس اقدام کے تحت پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز ہفتہ وار تعطیلات سے قبل اپنی تنخواہیں اور پنشن وصول کر سکیں گے، جس سے انہیں مالی امور کی انجام دہی میں سہولت حاصل ہوگی۔