سورج گرہن برطانیہ کے جنوب مغربی علاقوں اور چینل آئی لینڈز میں بدھ12 اگست کی شام دیکھا جا سکے گا، جس کے دوران چاند سورج کے 90 فیصد سے زائد حصے کو ڈھانپ لے گا، ماہرین فلکیات کے مطابق یہ رواں سال کا ایک اہم فلکیاتی مظہر ہوگا، تاہم برطانیہ میں مکمل سورج گرہن دیکھنے کو نہیں ملے گا۔
یہ فلکیاتی منظر تقریباً ایک گھنٹہ 50 منٹ تک جاری رہے گا۔ گرہن کا آغاز تقریباً شام 6 بج کر 20 منٹ پر ہوگا جبکہ یہ عمل رات 8 بج کر 10 منٹ تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
سورج گرہن کیا ہوتا ہے؟
سورج گرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب سورج، چاند اور زمین ایک خاص ترتیب میں ایک دوسرے کے سامنے آجاتے ہیں۔ اس دوران چاند زمین اور سورج کے درمیان آتا ہے اور سورج کی روشنی کا کچھ حصہ زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے،اس عمل کے نتیجے میں چاند کا سایہ زمین پر پڑتا ہے اور مختلف علاقوں میں سورج کے کم یا زیادہ حصے کے چھپنے کا منظر دکھائی دیتا ہے۔
90 فیصد سے زائد سورج چھپے گا
نیشنل اسپیس سینٹر کے مطابق رواں سال کے مکمل سورج گرہن کا مرکزی راستہ شمالی روس سے گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور شمالی پرتگال تک ایک بڑے قوس نما علاقے سے گزرے گا۔
برطانیہ مکمل گرہن کے راستے میں شامل نہیں ہوگا، تاہم یہاں جزوی سورج گرہن غیر معمولی حد تک نمایاں ہوگا اور چاند سورج کے 90 فیصد سے زیادہ حصے کو ڈھانپ لے گا،ماہرین کے مطابق یہ 1999 کے بعد برطانیہ میں نظر آنے والا سب سے تاریک جزوی سورج گرہن قرار دیا جا رہا ہے۔
اگلا مکمل گرہن کب ہوگا؟
برطانیہ میں مکمل سورج گرہن کے لیے لوگوں کو طویل انتظار کرنا ہوگا۔ دستیاب معلومات کے مطابق برطانیہ میں اگلا مکمل سورج گرہن 23 ستمبر 2090 کو متوقع ہے، یعنی موجودہ نسل کے بیشتر افراد کو اس کے لیے کئی دہائیاں انتظار کرنا پڑے گا۔
پرندے خاموش ہوجائیں گے
ماہرین کے مطابق سورج گرہن صرف آسمان کا منظر تبدیل نہیں کرتا بلکہ اس کا اثر قدرتی ماحول میں بھی محسوس کیا جاسکتا ہے،رائل آسٹرونومیکل سوسائٹی کی رکن ڈاکٹر ژاں ڈین کے مطابق گرہن کے آگے بڑھنے کے ساتھ درجہ حرارت میں معمولی کمی اور آسمان کے بتدریج تاریک ہونے کا احساس ہوسکتا ہے۔
ان کے مطابق گرہن اپنے عروج کے قریب پہنچے گا تو قدرتی ماحول کا رویہ بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔ پرندے خاموش ہوجائیں گے جبکہ بعض ایسے پودے جو دن کے وقت اپنے پتے کھولتے اور رات کو بند کرتے ہیں، اپنے پتے بند کرنا شروع کرسکتے ہیں،گرہن ختم ہونے کے بعد آسمان دوبارہ روشن ہوگا، درجہ حرارت معمول پر آئے گا اور قدرتی ماحول بھی اپنی معمول کی حالت میں واپس آجائے گا۔
پلائی ماؤتھ آسٹرونومیکل سوسائٹی کے چیئرمین کرس کوک کے مطابق برطانیہ میں نظر آنے والا یہ جزوی گرہن اگرچہ مکمل نہیں ہوگا، لیکن سورج کا تقریباً مکمل طور پر ڈھانپ جانا ماحول کو کچھ دیر کے لیے غیر معمولی اور قدرے خوفناک بنا سکتا ہے،انہوں نے اسے 1999 کے بعد برطانیہ میں نظر آنے والا سب سے تاریک جزوی سورج گرہن قرار دیا۔
آنکھوں کو نقصان کا خطرہ
ماہرین نے سورج گرہن دیکھنے والے افراد کو براہ راست سورج کی طرف دیکھنے سے سختی سے منع کیا ہے،برطانیہ کی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق گرہن کے دوران سورج معمول سے کم روشن دکھائی دے سکتا ہے، جس کی وجہ سے لوگ براہ راست اسے دیکھنے کی کوشش کرسکتے ہیں، تاہم ایسا کرنا آنکھوں کو مستقل نقصان پہنچا سکتا ہے۔
1999 کے مکمل سورج گرہن کے بعد رائل کالج آف آپتھلمولوجسٹس کی ایک رپورٹ میں تقریباً 70 افراد کے بینائی سے متعلق مسائل کا ذکر کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ان میں تقریباً 40 فیصد افراد نے ایک منٹ سے بھی کم وقت کے لیے سورج کو براہ راست دیکھا تھا۔
محفوظ طریقے سے گرہن کیسے دیکھیں؟
ماہرین کے مطابق سورج گرہن دیکھنے کے لیے معیاری اور اصلی سولر ایکلپس گلاسز یا ہاتھ میں پکڑے جانے والے منظور شدہ سولر ویورز استعمال کیے جائیں۔اس کے علاوہ سورج کی براہ راست روشنی دیکھنے کے بجائے پن ہول پروجیکٹر کے ذریعے سورج کا عکس کاغذ پر دیکھا جاسکتا ہے۔
درختوں کے پتوں کے درمیان بننے والے چھوٹے خلا یا کسی چھلنی کے سوراخوں سے زمین پر پڑنے والے سورج کے عکس کو دیکھنا بھی نسبتاً محفوظ متبادل ہوسکتا ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ عام دھوپ کے چشمے سورج گرہن کو براہ راست دیکھنے کے لیے محفوظ متبادل نہیں ہیں، اس لیے مناسب حفاظتی آلات کا استعمال ضروری ہے۔