پاکستان میں سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے مختلف مقامات پر اس حوالے سے اظہارِ مسرت کیا گیا ہے، اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات پر پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ قیادت کی تصاویر بھی نمایاں طور پر آویزاں کی گئی ہیں۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔معاہدے کے بعد پاکستان میں اس اقدام کو قومی اور علاقائی سلامتی کے تناظر میں نمایاں اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ مختلف مقامات پر معاہدے کے حوالے سے خصوصی تشہیری مواد بھی آویزاں کیا گیا ہے۔
قومی پرچم نمایاں
معادے کے حوالے سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں قومی پرچم نمایاں کیے گئے ہیں، ان اقدامات کا مقصد معاہدے کے حوالے سے عوامی جذبات اور تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرنا بتایا گیا ہے،پاکستانی پرچم کے ساتھ سعودی عرب اور ترکیہ کے پرچم بھی بعض مقامات پر دکھائی دے رہے ہیں، جو تینوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی علامت کے طور پر پیش کیے جا رہے ہیں۔
معاہدے کے حوالے سے لگائے گئے بینرزاور تشہیری مواد میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی تصاویر بھی نمایاں کی گئی ہیں،ان میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر شامل ہیں، جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو بھی معاہدے کے تناظر میں نمایاں کیا گیا ہے۔
دفاعی تعاون کا نیا مرحلہ
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے نئے مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،معاہدے کے تحت تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاع اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید منظم کرنے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ ہر ملک کی خودمختاری اور قومی مفادات کے احترام کو بھی اہمیت حاصل ہوگی۔
علاقائی سلامتی پر توجہ
معاہدے کے حامیوں کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے،پاکستان کے لیے یہ پیش رفت اس لحاظ سے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے کہ ملک پہلے ہی سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ قریبی سفارتی اور دفاعی تعلقات رکھتا ہے،مکہ دفاعی معاہدے کے بعد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط، مشترکہ سیکیورٹی تعاون اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں مزید پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔