بلوچستان کے علاقے شارگ، زیارت میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد عناصر کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے شارگ اور زیارت کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو نشانہ بنایا، کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے استعمال میں آنے والے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں بھی جاری ہیں تاکہ دہشتگرد عناصر کے ممکنہ سہولت کاروں اور مزید خفیہ ٹھکانوں کا سراغ لگایا جاسکے۔
فتنۃ الہندوستان کو بھاری نقصان
سیکورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے دوران فتنۃ الہندوستان سے وابستہ متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے، جبکہ دہشتگردوں کے انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے،سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورک، ان کے ٹھکانوں اور کارروائیوں کی صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور فورسز کی جانب سے مشتبہ مقامات کی تلاشی لی جا رہی ہےسیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔