برطانیہ میں شدید گرمی کی پانچویں لہر نے 31 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کررہا ہے جبکہ شدید گرمی کے باعث ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے متعدد علاقوں کے لیے بلیو الرٹ جاری کردیا ہے۔
1995 میں برطانیہ میں مجموعی طور پر 34 دن ایسے ریکارڈ کیے گئے تھے جب درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا جبکہ 2026 میں یہ تعداد بڑھ کر 35 دن ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ایسٹ اینگلیا اور ساؤتھ ایسٹ کے علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اور درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر لندن، ایسٹ مڈلینڈز، ویسٹ مڈلینڈز، یارکشائر اور ہمبر کے لیے بلیو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں شدید گرمی کے ساتھ خشک سالی کی صورتحال بھی برقرار ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق رواں سال بار بار آنے والی گرمی کی لہروں اور غیر معمولی درجہ حرارت نے برطانیہ میں موسم کی شدت کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت اور موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔