متحدہ عرب امارات نے نبی کریم ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر 28 اگست 2026 کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، پاکستان میں ربیع الاول کے چاند کی رویت سے متعلق بھی اہم پیش گوئی سامنے آگئی۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کے سرکاری میڈیا آفس کی جانب سے جاری اعلان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ 28 اگست 2026 کو نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت باسعادت کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے میں تعطیل ہوگی۔
اعلان کے مطابق ایسے سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین جن کی ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے، انہیں جمعہ 28 اگست کی سرکاری تعطیل کے باعث 28 سے 30 اگست تک مسلسل تین روز کی تعطیلات میسر ہوں گی۔
اس اعلان کے بعد متحدہ عرب امارات میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی جانب سے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر تعطیلات کی منصوبہ بندی بھی شروع کردی گئی ہے۔
پاکستان میں عید میلادالنبی ﷺ کی تاریخ کب ہوگی؟
دوسری جانب پاکستان میں ربیع الاول 1448 ہجری کے آغاز اور عید میلادالنبی ﷺ کی تاریخ کا حتمی تعین رویتِ ہلال کے بعد ہوگا۔
محکمہ موسمیات پاکستان کی جانب سے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ یکم ربیع الاول 15 اگست 2026 بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔
اس حساب سے عید میلادالنبی ﷺ کی متوقع تاریخ 12 ربیع الاول 1448 ہجری کے حساب سے 26 اگست 2026 کے آس پاس بنتی ہے، تاہم پاکستان میں حتمی تاریخ کا اعلان چاند کی رویت کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔
عید میلادالنبی ﷺ مسلمانوں کے لیے انتہائی عقیدت اور محبت کا دن ہے، جس کے موقع پر ملک بھر میں محافلِ میلاد، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز، جلوس اور دیگر مذہبی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سرکاری تعطیل کی حتمی تاریخ کا اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے رویتِ ہلال کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا