پاکستانی اداکارہ اور ماڈل نمرہ خان کی دوسری شادی سے متعلق ایک بار پھر چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ اداکارہ نے حالیہ انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے شوہر یا سابق شوہر کو ’نرگسسٹ‘ قرار دیتے ہوئے شادی اور رشتوں کے حوالے سے سخت باتیں شیئر کی ہیں۔
نمرہ خان گزشتہ کئی برس سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور ان کی ذاتی زندگی بھی مختلف مواقع پر خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔ اداکارہ اس سے قبل ایک ناخوشگوار ازدواجی زندگی سے نکل چکی ہیں۔
کچھ عرصہ قبل نمرہ خان نے اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، جن میں وہ خوش نظر آرہی تھیں اور اپنی نئی زندگی کے حوالے سے پرجوش دکھائی دیتی تھیں۔
تاہم حالیہ عرصے میں اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر مسلسل پراسرار اور افسردہ پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ اب نمرہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں نرگسسٹ افراد کے رویوں پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے لوگ شادی حقیقی رفاقت کے لیے نہیں بلکہ دوسروں کو اپنے تابع رکھنے کے لیے کرتے ہیں۔
اداکارہ کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور کئی مداح اسے ان کی اپنی ازدواجی زندگی سے جوڑ رہے ہیں۔ تاہم نمرہ خان نے اپنی پوسٹ میں کسی شخص کا نام واضح طور پر نہیں لیا، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان کا اشارہ براہ راست ان کے شوہر یا سابق شوہر کی جانب ہے۔
اداکارہ کی جانب سے اس معاملے پر مزید کوئی تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم ان کی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمیوں نے مداحوں کی توجہ ضرور حاصل کرلی ہے۔