آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقے ساسول گیسٹ ہاؤس کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے پر آرٹلری سے شدید گولہ باری کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اچانک اور مؤثر آرٹلری فائر کے نتیجے میں مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان شدید بدحواسی اور افراتفری پھیل گئی۔
ذرائع کے مطابق ریڈیو اور وائرلیس مواصلات سمیت وائس ریکارڈنگز، جنہیں عسکری اصطلاح میں ’’چیٹر‘‘ کہا جاتا ہے، سے مبینہ طور پر ظاہر ہوا کہ پیدا ہونے والی افراتفری کے دوران دہشت گردوں نے آپس میں فائرنگ شروع کردی۔
سیکیورٹی فورسز واقعے کے بعد علاقے کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور مزید پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ فوری طور پر جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی، فتنہ و فساد کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔