محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات شمال مشرقی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، مری، گوجرانوالہ، لاہور اور قصور میں چند مقامات پر تیز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہنے کی توقع ہے۔
آئندہ تین روز بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں آئندہ تین روز کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کئی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں آئندہ دنوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے جبکہ بعض اوقات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی
بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی اور میدانی علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کی توقع ہے۔