شاہراہِ بابوسر پر تھک کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باعث شاہراہ کو زیرو پوائنٹ پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ متبادل راستے کے طور پر استعمال ہونے والی شاہراہِ قراقرم بھی شنگ نالہ کے قریب ایک مال بردار ٹرک الٹنے کے باعث آمدورفت کے لیے بند ہو گئی ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ترجمان کے مطابق بابوسر شاہراہ کی بندش کے بعد مسافروں اور سیاحوں کو شاہراہِ قراقرم استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم شنگ نالہ کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے باعث یہ شاہراہ بھی عارضی طور پر بند ہو گئی، جس سے شمالی علاقوں کی جانب جانے والی ٹریفک شدید متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں شاہراہوں کی بندش کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ گونر فارم چیک پوسٹ پر ٹریفک کو فوری طور پر روک کر مزید گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم رکھا جا سکے۔
این ایچ اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر موجود ہیں۔ شنگ نالہ کے قریب الٹنے والے مال بردار ٹرک کو ہٹانے اور متاثرہ شاہراہ کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ بابوسر شاہراہ پر سیلابی صورتحال کا بھی مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان این ایچ اے نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ شاہراہوں کی مکمل بحالی تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل متعلقہ اداروں سے تازہ ترین ٹریفک اور موسمی صورتحال ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچا جا سکے۔