پرتشدد سیاست تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ،مال روڈ فائرنگ واقعہ نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا، عطاء تارڑ

پرتشدد سیاست تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ،مال روڈ فائرنگ واقعہ نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا، عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی کے مال روڈ پر سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست کرنا اور اسلحے سے لیس ہوکر احتجاج کرنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا طریقہ بن چکا ہے۔

مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکن کی فائرنگ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج راولپنڈی مال روڈ پر جو واقعہ پیش آیا، پی ٹی آئی کا یہ طریقہ بن چکا ہے کہ تشدد کی سیاست کی جائے اور اسلحے سے لیس ہوکر آیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ماضی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں اور جماعت ہمیشہ اسلحے سے لیس ہوکر سامنے آتی رہی ہے۔

پولیس اور رینجرز اہلکاروں کا ذکر

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی اور بعض اہلکار شہید بھی ہوئے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی اور آج ہونے والے واقعے سے جماعت کے مذموم مقاصد اور عزائم پوری قوم کے سامنے آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کسی کو دھونس اور تشدد کے زور پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،عطا تارڑ

پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دستاویزات برآمد

وزیر اطلاعات نےکہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہلاک کارکن سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ان شواہد سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ احتجاج کے پیچھے مقصد ملک میں انارکی پھیلانا، امن و امان کی صورتحال خراب کرنا اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔

دفاعی معاہدے کا حوالہ

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر عزت ملتی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دے دی جاتی ہے،انہوں نے حالیہ دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ معاہدہ عمل میں آیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم کی بڑی کاوشیں شامل ہیں، لیکن اسی موقع پر پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کی ترقی برداشت نہیں

وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پاکستان جیسے جیسے ترقی کرے گا اور اسے عالمی سطح پر عزت ملے گی، پی ٹی آئی کو یہ بات ہضم نہیں ہوتی،ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی دوسرے ملک کا سربراہ، صدر یا وزیراعظم پاکستان کا دورہ کرنے آتا ہے تو اسی موقع پر احتجاج کی کال دی جاتی ہے۔

پاکستان ترقی کرتا رہے گا

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مال روڈ پر فائرنگ کے واقعے نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں، اس واقعے سے یہ بات سامنے آگئی ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے اسلحے سے لیس ہوکر آنا، فائرنگ کرنا، جانی نقصان اور امن و امان کو تباہ کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ان شاء اللہ ترقی کرتا رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ ملکی قیادت پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور پاکستانی قوم کا مقدر ہے کہ اسے ہر محاذ پر کامیابی حاصل ہو۔

editor

Related Articles