خلیجی ملک میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

خلیجی ملک میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

خلیجی ملک میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی جہاں ایک معروف ایوی ایشن گروپ نے ایوی ایشن اور کارپوریٹ کاروبار سے متعلق مختلف شعبوں میں 100 سے زائد ملازمتوں کے لیے بھرتی مہم شروع کردی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق نئی بھرتیوں میں تجربہ کار پیشہ ور افراد کے ساتھ ساتھ مختلف سطحوں پر کام کرنے والے امیدواروں کے لیے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ دستیاب آسامیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ و مینٹیننس، ایئرپورٹ آپریشنز، لاجسٹکس، ہیومن ریسورسز، کسٹمر سروس اور کیبن کریو سمیت متعدد شعبے شامل ہیں۔

متعلقہ گروپ کے کیریئر پورٹل پر بھی مختلف شعبوں میں آسامیاں درج ہیں، جن میں کیبن کریو، پائلٹ، انجینئرنگ، آئی ٹی، کسٹمر سروس اور ایئرپورٹ آپریشنز سے متعلق عہدے شامل ہیں۔

امیدواروں کے لیے پرکشش مراعات

کامیاب امیدواروں کو عہدے اور تجربے کے مطابق مختلف مراعات اور پیکیجز فراہم کیے جائیں گے۔ ان میں ٹیکس فری تنخواہ، فرنشڈ رہائش یا ہاؤسنگ الاؤنس، جامع طبی انشورنس، سالانہ ہوائی ٹکٹ اور ملازمین و ان کے اہل خانہ کے لیے سفری رعایتیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف عہدوں پر کام کرنے والے ملازمین کو دیگر اسٹاف بینیفٹس بھی فراہم کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ ملازمتیں خلیج میں کام کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خاصی پرکشش قرار دی جا رہی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت کا بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا قرض دینے کا فیصلہ

پائلٹس کے لیے لاکھوں درہم کا پیکیج

نئی بھرتیوں میں پائلٹ کا عہدہ سب سے زیادہ پرکشش ملازمتوں میں شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق پائلٹ کے لیے سالانہ معاوضے کا پیکیج تقریباً 12 لاکھ درہم تک بتایا گیا ہے، جو تقریباً 3 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر بنتا ہے۔

متعلقہ کیریئر پورٹل کے مطابق پائلٹس کے لیے فرسٹ آفیسر، ایکسیلیریٹڈ کمانڈ اور ڈائریکٹ انٹری کیپٹن سمیت مختلف مواقع موجود ہیں۔ تجربے کے لحاظ سے امیدواروں کے لیے مختلف راستے مقرر کیے گئے ہیں۔

پائلٹس کے لیے ٹیکس فری تنخواہ کے علاوہ فیملی ٹریول سہولیات، پروویڈنٹ فنڈ اور دیگر ملازم مراعات بھی پیکیج کا حصہ ہیں۔

کیبن کریو کے لیے بھی شاندار موقع

کیبن کریو کے امیدواروں کے لیے بھی بھرتی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق کیبن کریو کی تنخواہ میں 4,980 درہم ماہانہ بنیادی تنخواہ کے علاوہ 69.60 درہم فی فلائٹ گھنٹہ فلائنگ پے شامل ہے۔

اوسط ماہانہ پرواز کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی ماہانہ آمدنی تقریباً 11 ہزار درہم تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ رات کے قیام کے دوران کھانے کا الاؤنس، ہوٹل میں رہائش اور ایئرپورٹ تک آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔

کیبن کریو کے لیے اہلیت کیا ہے؟

متعلقہ کیریئر پورٹل کے مطابق کیبن کریو کے امیدوار کے لیے انگریزی زبان میں روانی ضروری ہے جبکہ اضافی زبانوں کا جاننا فائدہ مند قرار دیا گیا ہے۔

امیدوار کی عمر کم از کم 21 سال ہونی چاہیے، کم از کم ہائی اسکول یا گریڈ 12 کی تعلیم مکمل ہونا ضروری ہے اور کم از کم ایک سال کا ہاسپیٹیلٹی یا کسٹمر سروس کا تجربہ بھی درکار ہے۔

اس کے علاوہ امیدوار کا قد کم از کم 160 سینٹی میٹر ہونا اور 212 سینٹی میٹر تک ہاتھ پہنچانے کی صلاحیت بھی مطلوب ہے۔ امیدوار کو متحدہ عرب امارات کے ورک ویزا کی شرائط پوری کرنا ہوں گی جبکہ یونیفارم میں نظر آنے والے ٹیٹو بھی قابل قبول نہیں ہیں۔

درخواست کیسے دی جائے؟

ملازمت کے خواہشمند افراد اپنی اہلیت اور مطلوبہ عہدے کے مطابق متعلقہ گروپ کے آفیشل کیریئر پورٹل پر جاکر دستیاب آسامیوں کا جائزہ لے سکتے ہیں اور آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ کیریئر پورٹل پر ملازمتوں کو شعبے اور ملک کے لحاظ سے تلاش کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

editor

Related Articles