امریکا اپنا رویہ بدلے، ایرانی شرائط تسلیم کرنے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی ، محسن رضائی

امریکا اپنا رویہ بدلے، ایرانی شرائط تسلیم کرنے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی ، محسن رضائی

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ جب تک امریکہ اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتا اور ایران کی شرائط کو تسلیم نہیں کرتا، اس وقت تک آبنائے ہرمز بند رہے گی

نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق محسن رضائی کا کہنا ہے  کہ امریکہ کو جنگ کا خاتمہ کرنا چاہیے اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کو بحال کرنا چاہیے جبکہ دیگر شرائط کے بارے میں امریکہ کو ثالثوں کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف امریکا کی غیر قانونی جنگ پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔

محسن رضائی کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے ٹرانزٹ سے متعلق معاہدہ طے پاتا ہے تو یہ الگ معاملہ ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی رہنماؤں کو چالاک مذاکرات کار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات کے معاملے میں ایران کے انداز پر مایوسی ہے، امریکی انتظامیہ تہران کے ساتھ امن معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں کر رہی ہے، ایرانی کسی بات پر اتفاق کر لیتے ہیں اور پھر باہر جا کر میڈیا کو بتاتے ہیں کہ انہوں نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ بندی میں بطورثالثی اہم کردار، عالمی سطح پر پاکستان کی امن کاوشوں کا اعتراف

دریں اثنا پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے منگل کے روز بلومبرگ نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا  ہے کہ امریکہ اور ایران اپنے درمیان کشیدگی کو حل کرنے کے لیے کسی نہ کسی قسم کے انتظامات تک پہنچنے کے قریب ہیں۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اعلان کیا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کو پاکستان کے دورے کی دعوتیں موصول ہوئی ہیں اور انہوں نے اشارہ کیا کہ وہ مناسب وقت پر ایسا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ فروری کے مہینے میں دونوں کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے ، دونوں فریقین نے جون کے مہینے میں جنگ بندی کے ایک معاہدے پر اتفاق کیا تھا تاہم وہ برقرار نہ رہ سکا۔

editor

Related Articles