یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے مقامی کمانڈرز نے خیبرپختونخوا پولیس کے مختلف ضلعی ہیڈکوارٹرز، پولیس لائنز اور تھانوں کا دورہ کیا جہاں شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کی قربانیوں کو سراہا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے مقامی کمانڈرز نے پولیس افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر متزلزل عزم اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے امن کے قیام کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔
تقریبات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج، خیبرپختونخوا پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت مشترکہ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ آپریشنل حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
یومِ شہدائے پولیس کی تقریبات میں پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف اپنی مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی رٹ کے مؤثر نفاذ اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔