طلبہ و طالبات کیلئے اہم خبر ، رزلٹ کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ بدل گیا

طلبہ و طالبات کیلئے اہم خبر ، رزلٹ کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ بدل گیا

پنجاب بھر کے لاکھوں طلبہ اور والدین کے لیے خوشخبری آگئی جہاں حکومت نے ایک اور بڑی سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبے کے تمام 9 تعلیمی بورڈز نے رزلٹ کارڈز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد روایتی کاغذی رزلٹ کارڈز بتدریج ختم کر دیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے نظام کے تحت طلبہ اپنے امتحانی نتائج کے فوراً بعد گھر بیٹھے آن لائن رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے ، اس  مقصد کے لیے خصوصی ڈیجیٹل پورٹل بھی تیار کیا جا رہا ہے جہاں ریکارڈ محفوظ اور آسانی سے دستیاب ہوگا۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کا آغاز مرحلہ وار کیا جائے گا جہاں  پہلے مرحلے میں نویں جماعت اور فرسٹ ایئر کے طلبہ کو ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے،  بعدازاں  دسویں جماعت اور سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو بھی اس نظام میں شامل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2026 ملتوی ، ٹیسٹ کی نئی تاریخ بھی سامنے آگئی

نئے رزلٹ کارڈز میں کیو آر کوڈ اور دیگر حفاظتی خصوصیات شامل ہوں گی، جن کی مدد سے کالجز، جامعات، ملازمت دینے والے ادارے اور دیگر تنظیمیں فوری طور پر دستاویزات کی تصدیق کر سکیں گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ کو وہی قانونی اور سرکاری حیثیت حاصل ہوگی جو روایتی رزلٹ کارڈ کو حاصل تھی،  طلبہ اسے داخلوں، ملازمتوں، اسکالرشپس، مساوی سند (Equivalence) اور دیگر سرکاری امور میں استعمال کر سکیں گے۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق اس اقدام سے طلبہ اور والدین کے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں کمی آئے گی،  اب رزلٹ کارڈ کے حصول کے لیے بورڈ دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ یہ سہولت گھر بیٹھے دستیاب ہوگی، جس سے تعلیمی نظام مزید جدید، شفاف اور طلبہ کے لیے آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

editor

Related Articles