اپر دیر کے علاقے نہاگ درہ میں دو بندو پولیس چوکی پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کے بعد مقامی عوام نے اپنی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہوکر قومی یکجہتی کی نئی مثال قائم کردی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف پولیس کی مدد کے لیے مقامی لوگوں نے ہتھیار اٹھالیے، جبکہ عوام کو گھروں سے نکل کر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کا ساتھ دینے کے لیے مساجد سے اعلانات کیے گئے۔
اعلانات کے بعد بڑی تعداد میں مقامی افراد گھروں سے نکل آئے اور دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت میں ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگئے،اپر دیر کی غیور عوام نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔
دیر کے غیرت مند پختون اپنے ملک، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو اپنے علاقے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
یہ منظر اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ جب عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز ایک صفحے پر ہوں تو دہشت گردی کے خلاف ریاست کی قوت کئی گنا بڑھ جاتی ہے،دشمن چاہے جتنی بھی کوشش کرلے، عوام اور ریاست کے درمیان یہ اتحاد دہشت گردی کے عزائم کو ناکام بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔
اپر دیر کے عوام نے آج پیغام دے دیا ہے کہ وہ اپنے وطن کے دفاع میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان شاء اللہ عوام کے تعاون، ریاستی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قومی اتحاد کے ذریعے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام، یہ قوم متحد ہے، پاکستان محفوظ ہے اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔