سونے کی قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی

سونے کی قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، بڑی کمی نے مارکیٹ ہلا دی

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ بالآخر رک گیا اور جمعرات کو پاکستان میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہونے والے بڑے اضافے کے باعث سونا اب بھی بلند سطح پر موجود ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی 10 گرام سونا 3 ہزار ایک روپے سستا ہونے کے بعد 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے کا ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایزی پیسہ سے ہزاروں روپے کا ڈسکاؤنٹ کیسے لیں؟ اہم تفصیلات آگئیں

سونے کی قیمت میں آج کی کمی کے باوجود گزشتہ سات روز کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف سات روز کے دوران فی تولہ سونا 36 ہزار روپے مہنگا ہوا، جس کے بعد آج ہونے والی کمی کو گزشتہ ہفتے کی تیزی کے مقابلے میں محدود ردعمل قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 175 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 936 روپے کی سطح پر آگئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 35 ڈالر کم ہوکر 4 ہزار 380 ڈالر ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کا اثر پاکستانی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑا ہے۔ عالمی قیمت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سونے کے نرخ طے ہونے میں روپے کی قدر عالمی مارکیٹ کے رجحان اور مقامی طلب و رسد بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران سونے کی قیمت میں تیزی کے بعد آج کی کمی کو مارکیٹ میں منافع حاصل کرنے کے رجحان سے بھی جوڑا جاسکتا ہے۔ جب قیمت مختصر مدت میں تیزی سے بڑھتی ہے تو بعض سرمایہ کار اور خریدار قیمت بلند ہونے پر سونا فروخت کرکے منافع حاصل کرتے ہیں، جس سے مارکیٹ میں عارضی دباؤ پیدا ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کے بل کیوں بڑھنے لگے؟ اصل وجہ سامنے آگئی

تاہم عالمی سطح پر جغرافیائی سیاسی کشیدگی، امریکی معاشی اعداد و شمار، شرح سود سے متعلق توقعات اور عالمی مالیاتی مارکیٹ کی صورتحال آئندہ دنوں میں سونے کی قیمت کے لیے اہم عوامل رہیں گے۔

اس طرح آج سونے کی قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی کمی ضرور ہوئی ہے لیکن گزشتہ سات دن میں 36 ہزار روپے کا مجموعی اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سونا اب بھی انتہائی بلند قیمت پر موجود ہے اور آئندہ دنوں میں عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے مطابق قیمت میں مزید کمی یا دوبارہ تیزی دونوں کے امکانات موجود ہیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles