دیر کے علاقے بریکوٹ میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ قافلے پر خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ کانوائے دوبانڈو چیک پوسٹ کی جانب رواں دواں تھا کہ بریکوٹ گاؤں کے قریب خوارج نے قافلے پر حملے کی کوشش کی،سیکیورٹی اہلکاروں نے حملے کی کوشش کو بروقت ناکام بناتے ہوئے خوارج کے خلاف فوری کارروائی کی۔
15 خوارج ہلاک
حملے کی ناکامی کے بعد خوارج نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 15 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد خوارج کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے،حکام کی جانب سے علاقے میں مشتبہ افراد اور ممکنہ ٹھکانوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔