ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کی جانب سے موبائل اور ویب ورژن کے یوزر انٹرفیس میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں کی جاتی ہیں، تاہم صارفین کی بڑی تعداد ان مسلسل تجربات سے ناخوش دکھائی دیتی ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران یوٹیوب کے ڈیزائن اور یوزر انٹرفیس میں نصف درجن سے زائد تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔ بعض تبدیلیاں مستقل کردی گئیں جبکہ کچھ تجربات کو صارفین کے ردعمل کے بعد واپس بھی لے لیا گیا۔ اب یوٹیوب نے وضاحت کی ہے کہ پلیٹ فارم کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلیاں کیوں کی جاتی ہیں۔
یوٹیوب کے نائب صدر جوناتھن ٹریلسکی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ان تبدیلیوں کا بنیادی مقصد صارفین کے لیے پلیٹ فارم کا استعمال مزید آسان بنانا ہے۔ ان کے مطابق یوٹیوب اپنے انٹرفیس کو ایسا نہیں بنانا چاہتا جو غیر ضروری عناصر سے بھرا ہوا یا استعمال میں پیچیدہ محسوس ہو، اسی لیے کمپنی وقتاً فوقتاً ڈیزائن میں تبدیلیاں اور تجربات کرتی رہتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ حالیہ تبدیلیوں میں بٹنوں کے ڈیزائن کو بھی تبدیل کیا گیا ہے تاکہ اہم فیچرز صارفین کو زیادہ واضح اور نمایاں نظر آئیں۔یوٹیوب کے مطابق نئے ڈیزائن کے تجربات صرف موبائل اور ویب تک محدود نہیں بلکہ انہیں بڑی اسکرینز، خصوصاً اسمارٹ ٹی وی کے لیے بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
یوں یوٹیوب کے مطابق بار بار ہونے والی یہ تبدیلیاں محض ظاہری تبدیلیاں نہیں بلکہ صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور پلیٹ فارم کو زیادہ آسان بنانے کی کوشش کا حصہ ہیں۔