بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے دنیا بھر میں جاری جنگوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے تیمور علی خان اور جے بھی موجودہ عالمی صورتحال سے خوفزدہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 56 سالہ اداکار نے اپنی اہلیہ کرینہ کپور خان اور دونوں بیٹوں تیمور اور جے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچے دنیا میں ہونے والی جنگوں اور تنازعات کے بارے میں سوالات کرتے رہتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے پروگرام کے سلسلے میں جموں و کشمیر کے علاقے اُڑی کے دورے کے دوران سیف علی خان نے کہا کہ ان کے بچے موجودہ حالات کو دیکھ کر پریشان ہوتے ہیں اور ان کے ذہن میں مستقبل کے حوالے سے کئی سوالات ہیں۔
اداکار کے مطابق بچے ان سے پوچھتے ہیں کہ ’’ہماری حفاظت کون کر رہا ہے؟‘‘، ’’آگے کیا ہوگا؟‘‘ اور ’’کیا صورتحال مزید خراب ہوجائے گی؟‘ سیف علی خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات نے بچوں سمیت ہر شخص کو متاثر کیا ہے اور موجودہ حالات والدین کے لیے بھی باعث تشویش ہیں۔
ان کے یہ تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا کے مختلف خطوں میں جاری کشیدگی اور جنگوں کے باعث عالمی سطح پرجنگوں اور تنازعات کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔