میکسیکو کی نیشنل گارڈ میں 13 ماہ کے چیہواہوا کتے کو شامل کرلیا گیا، کمانڈو کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کیلئے تربیت دی جا رہی ہے۔
میکسیکو کی نیشنل گارڈ نے ایک ایسے نئے اہلکار کو اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے جو اپنی جسامت کے اعتبار سے سب سے چھوٹا رکن ہے، لیکن اس کی ذمہ داریاں خاصی اہم ہیں۔
13 ماہ کے چیہواہوا کتے کا نام کمانڈو ہے۔ اسے عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان دوستانہ رابطے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کیلئے بھی تربیت دی جا رہی ہے۔
کمانڈو کا قد صرف 21 سینٹی میٹر جبکہ وزن تقریباً 7 کلوگرام ہے۔ اسے تقریباً 6 ماہ قبل میکسیکو کی ریاست چیہواہوا کے ایک ریسکیو سینٹر سے گود لیا گیا تھا۔ اس سے قبل کمانڈو ایک معمر جوڑے کے پاس تھا، تاہم وہ مزید اس کی دیکھ بھال نہیں کر سکتے تھے، جس کے بعد اسے ریسکیو سینٹر منتقل کردیا گیا۔
کمانڈو کی خصوصی تربیت
کمانڈو کو اس کے چھوٹے قد اور جسامت کے مطابق خصوصی حفاظتی سامان فراہم کیا گیا ہے۔ اسے حفاظتی چشمے، ٹیکٹیکل جیکٹ اور سر پر نصب کیا جانے والا ایک چھوٹا کیمرا پہنایا جاتا ہے۔
میکسیکو سٹی میں ہونے والے تربیتی سیشن کے دوران کمانڈو نے سیڑھیاں چڑھنے کے ساتھ مختلف رکاوٹیں عبور کرنے کی مشق بھی کی۔نیشنل گارڈ میں شمولیت کے بعد کمانڈو کو سرچ اینڈ ریسکیو سرگرمیوں کے علاوہ عوام کے ساتھ دوستانہ رابطے کے مقصد کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔