کینیا میں سیاحوں کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 امریکیوں سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالوں میں ایکواڈور کی انٹیلی جنس کے سربراہ اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں ، امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کا بتانا ہے کہ اس حادثے میں 5 امریکی شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں جن میں براڈ کاسٹنگ سے منسلک ایک اہم شخصیت 55 سالہ جوزے البرٹو سواریز بھی شامل ہیں۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر لوئیسابا کے محفوظ وائلڈ لائف علاقے سے ایواسو نیرو کی جانب تفریحی فضائی سفر پر تھا، حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
حکومتی ترجمان نے کہا امریکی سفارتخانہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے اور قونصلر معاونت فراہم کر رہا ہے۔
وہ ٹیلی مونڈو کے اہم انتظامی عہدیدار اور فلوریڈا میں اس کے متعدد اسٹیشنز کے صدر اور جنرل منیجر تھے۔ ان کا تعلق ٹیلی ویژن براڈکاسٹنگ سے تھا اور انھیں صحافتی و میڈیا صنعت میں کئی اعزازات بھی مل چکے تھے۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ہیلی کاپٹر سامبورو کے دشوار گزار علاقے میں گرا جہاں امدادی کارروائی بھی مشکل حالات میں کی گئی۔
واضح رہے کہ کینیا دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے سفاری ٹورز کے حوالے سے معروف ہے اور جنگلی حیات کے محفوظ علاقوں میں سیاحوں کو فضائی سفر کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔