پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈکپ کے کلاسیفکیشن میچ میں جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹلوین میں کھیلے گئے میچ میں جاپان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے کوارٹر میں دو گول کرکے پاکستان پر دباؤ بڑھا دیا، تاہم قومی ٹیم نے دوسرے کوارٹر میں مقابلے میں واپسی شروع کی اور وقفے تک خسارہ کم کرنے میں کامیاب رہی۔
دوسرے ہاف میں پاکستان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ رانا وحید اشرف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ حماد الدین اور حنان شاہد نے بھی ایک، ایک گول کرکے قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
حنان شاہد کے فیصلہ کن گول نے پاکستان کو 4-3 کی برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
پاکستان کی یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ قومی ٹیم نے آخری مرتبہ 2010 کے ہاکی ورلڈکپ میں میچ جیتا تھا، جب اس نے اسپین کو 2-1 سے شکست دی تھی۔
اس کے بعد پاکستان 2014 کے ہاکی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا، جبکہ 2018 کے ایڈیشن میں بھی گرین شرٹس کوئی میچ جیتنے میں ناکام رہے تھے۔
رواں ورلڈکپ میں پاکستان انگلینڈ کے خلاف شکست اور ویلز کے خلاف 3-3 سے ڈرا کے بعد اگلے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم نے 9ویں سے 16ویں پوزیشن کے کلاسیفکیشن مرحلے میں شرکت کی۔