پیٹرول سستا ہونے کی راہ ہموار؟ حکومت کا بڑا فیصلہ

پیٹرول سستا ہونے کی راہ ہموار؟ حکومت کا بڑا فیصلہ

حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی راہ ہموار کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ریفائنری اپ گریڈیشن معاہدوں سے مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار بڑھنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے کی توقع ہے جس سے مستقبل میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی جدید کاری سے یورو 5 معیار کے ایندھن کی مقامی پیداوار بڑھے گی اور قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی میں ملک کی پانچوں آئل ریفائنریز کی انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں جن میں ریفائنریز کی جدید کاری، مالی و آپریشنل کارکردگی اور ملک کی توانائی سکیورٹی سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقاتوں میں براون فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد بھی زیر بحث آیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم کے مطابق ملک کی تمام پانچ ریفائنریز پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہیں اور پانچوں معاہدوں پر آئندہ ماہ کے آغاز میں دستخط متوقع ہیں۔

ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر 6 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری

وفاقی وزیر کے مطابق ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں سے پاکستان میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریفائنریوں کو جدید بنانا ملکی ریفائننگ شعبے کی طویل مدتی پائیداری کے لیے ضروری ہے۔ جدید کاری کے بعد پاکستان میں یورو 5 معیار کا پٹرول اور دیگر ایندھن تیار کرنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔

مقامی پٹرول اور ڈیزل سے درآمدات کم کرنے کی کوشش

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ریفائنریوں کی استعداد اور ٹیکنالوجی بہتر ہونے سے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

ان کے مطابق مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار بڑھنے سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی، جس سے ملک کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوسکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مقامی پیداوار میں اضافے سے مستقبل میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

حکومت ریفائنریز کو سہولت دے گی

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے ریفائنریز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

انہوں نے ریفائنریوں کی جدید کاری کو پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے، مقامی پیداوار بڑھانے اور مستقبل میں توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔

پانچوں ریفائنریز معاہدوں کے لیے تیار

ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد کے لیے پارکو، پاکستان ریفائنری، اٹک ریفائنری، نیشنل ریفائنری اور سینرجیکو نے ضروری تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

حکام کے مطابق اپ گریڈیشن معاہدوں پر دستخط پالیسی پر عملی پیش رفت کا پہلا بڑا قدم ہوگا۔

حب میں آئل سٹی منصوبہ بھی زیر غور

ملاقات کے دوران پارکو نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو حب میں مجوزہ آئل سٹی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد ملک کی توانائی سکیورٹی مضبوط بنانا، تجارتی روابط بہتر کرنا، ایندھن کی سپلائی کو یقینی بنانا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریفائنریوں کی جدید کاری سے نہ صرف ملکی ایندھن کی سپلائی مستحکم ہوگی بلکہ درآمدی پٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم، توانائی کا تحفظ بہتر اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles