نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کراچی نے گلستانِ جوہر، صفورہ چورنگی کے قریب قائم ایک کال سینٹر پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بنانے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
NCCIA کے مطابق کال سینٹر میں غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنا کر اسکیم چلائی جارہی تھی، ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کے اہلکار ظاہر کرکے متاثرین سے ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرتے تھے۔
کارڈز کی معلومات حاصل کرنے کا الزام
حکام کے مطابق ملزمان غیر ملکی شہریوں سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت دیگر مالی معلومات حاصل کرتے اور انہیں فراڈ کی سرگرمیوں میں استعمال کرتے تھے۔
کال سینٹر کے شراکت دار گرفتار
کارروائی کے دوران کال سینٹر کے دو پارٹنرز سمیت دیگر ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں محمد لائق اور محمد فاضل بھی شامل ہیں جبکہ دیگر افراد سے بھی تفتیش جاری ہے۔
لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد
NCCIA کے مطابق چھاپے کے دوران کال سینٹر سے متعدد لیپ ٹاپ اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، جنہیں اسکیم میں استعمال کیا جارہا تھا،واقعے کا مقدمہ FIR نمبر 74/26 کے تحت درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں PECA 2025 کی دفعات 3، 4، 13، 14، 16 اور 26 جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 109 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔
ملزمان کی تلاش جاری
مقدمے میں احسن رضا، محمد لائق، سیف اعجاز، محمد فاضل، فریڈرک جان، کرسٹوفر کائزر، محمد دانش اور محمد شہزیب کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں گرفتار اور مفرور ملزمان شامل ہیں۔
مزید گرفتاریاں متوقع
NCCIA کے مطابق مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ فراڈ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں،حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔