مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کا گھیرا تنگ، شبلی فراز، مراد سعید سے متعلق بھی اہم فیصلہ

مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کا گھیرا تنگ، شبلی فراز، مراد سعید سے متعلق بھی اہم فیصلہ

حکام نے نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنماؤں کے پہلے سے جاری گرفتاری کے وارنٹس پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث شبلی فراز، مراد سعید اور علی امین گنڈاپور سمیت اہم شخصیات کی فوری گرفتاری کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔

مختلف عدالتی مقدمات کا سامنا کرنے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے روپوش اور مطلوب رہنماؤں کے خلاف انتظامیہ نے قانونی کارروائی کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتوں کی جانب سے جاری کردہ عدمِ تعمیل کے وارنٹس پر بلا تاخیر عملدرآمد کروانے کے لیے متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

مطلوب رہنماؤں کی فہرست

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلہ کن اقدام کے تحت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں شبلی فراز، مراد سعید، حماد اظہر اور جنید اکبر کے پہلے سے جاری سمنز اور گرفتاری کے وارنٹس پر بلا تاخیر کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کیلئے آج کا دن بڑا اہم، اسلام آباد ہائیکورٹ بڑا فیصلہ سنائی گئی

اس کے علاوہ قانون کو درکار دیگر مطلوب رہنماؤں میں زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی اور مینا خان آفریدی کے نام بھی شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں بڑھا دی گئی ہیں۔

علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت

خبر کے مطابق محض نچلی سطح کے رہنماؤں یا کارکنان تک محدود رہنے کے بجائے، اعلیٰ قیادت کے خلاف بھی قانونی شکنجہ مضبوط کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں علی امین گنڈاپور کے خلاف درج مختلف مقدمات میں کارروائی کو باقاعدہ طور پر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ نومبر 2024 میں اسلام آباد کے ڈی چوک میں پی ٹی آئی کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج اور مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ، نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور سرکاری کام میں مداخلت جیسے سنگین الزامات کے تحت متعدد رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ان مقدمات میں عدالتیں بارہا ملزمان کو طلب کر چکی ہیں، تاہم متعدد اعلیٰ رہنماؤں کے عدالتی کارروائی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کے باعث ان کے ناقابلِ ضمانت گرفتاری کے وارنٹس جاری کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کی حکومت مخالف توہینِ عدالت کی درخواست سپریم کورٹ رجسٹرار نے اعتراض لگا کر واپس کردی

طویل عرصے سے التوا کا شکار ان وارنٹس پر اب عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

گرفتاری کے ان تمام وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ ریاست اب معلق مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے موڈ میں ہے۔

نومبر 2024 کے احتجاجی واقعات کے بعد سے جاری قانونی جمود کو ختم کرنا اور عدالتوں کے احکامات کی تعمیل کروانا انتظامی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا تھا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ان تمام مرکزی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا عمل کامیابی سے مکمل ہوتا ہے تو اس سے ایک طرف جہاں عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کا عمل تیز ہوگا، وہی پی ٹی آئی کی سیاسی حکمتِ عملی اور تنظیمی ڈھانچے پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

Related Articles