پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح،علاج مفت،اخراجات حکومت کے ذمے

پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح،علاج مفت،اخراجات حکومت کے ذمے

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کی ایک نمایاں مثال ہے اور اس کا نام مستقل طور پر پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال ہی برقرار رکھا جائے گا،وزیراعظم نے کہا کہ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم وبا کے خاتمے کے بعد ہسپتال کی بندش انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں،شہباز شریف نے بتایا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریض ہسپتال میں مفت طبی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور چین نے مل کر خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ،اسحاق ڈار

 انہوں نے کہا کہ انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مناسب رعایت دی ہے، جبکہ ادارہ غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کر رہا ہے،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم فریضہ ہے اور عوام کو علاج کی سہولت فراہم کرنے والے افراد اور ادارے دعاؤں کے مستحق ہیں، انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی بحالی وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہسپتال کو پاک چین فرینڈشپ ہسپتال کا نام دیے جانے کے فیصلے کو بھی سراہا۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے ملک کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے،پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

editor

Related Articles