ملک بھر کی عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوگئی ہیں، جس کے بعد کل سے معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔
وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف درخواست پر سماعت کل ہوگی، جبکہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی سمیت دیگر اہم درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر کو مقرر ہے۔
سہیل آفریدی کے خلاف درخواست
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ کرے گا،سہیل آفریدی کے خلاف درخواست شیر افضل مروت کی جانب سے دائر کی گئی ہے،درخواست میں علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ بحالی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
قیدیوں کے علاج کا معاملہ
وفاقی آئینی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر قیدیوں کی نجی اسپتال سے علاج کی درخواستوں پر بھی سماعت ہوگی،ان درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔
عمران خان کی ہسپتال منتقلی
دوسری جانب سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا ہسپتال منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت 16 ستمبر کو ہوگی،18 اگست کے عدالتی حکم کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی اپیل بھی اسی روز سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
توہین عدالت کی درخواست
عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں 16 ستمبر کو سنی جائے گی،سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اگلے عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ تاحال جاری نہیں کی گئی۔