انڈونیشیا ،بحیرۂ جاوا میں مسافر بردار جہاز حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ

انڈونیشیا ،بحیرۂ جاوا میں مسافر بردار جہاز حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ

انڈونیشیا کے بحیرۂ جاوا میں مسافر بردار جہاز کے حادثے نے کئی خاندانوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا، حادثے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق ہوگئے  جبکہ 129 مسافروں کے لاپتا ہونے کی اطلاع ہے۔ امدادی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 108 افراد کو زندہ بچا لیا ہے، جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب ورگو ٹرانسپورٹ 8 نامی مسافر بردار جہاز خراب موسمی حالات کے دوران بحیرۂ جاوا میں الٹ گیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں اور مختلف ٹیموں نے سمندر میں پھنسے مسافروں کی تلاش کا کام شروع کیا۔

سورابایا سے روانگی کے بعد حادثہ

سرچ اینڈ ریسکیو حکام کے مطابق جہاز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے روانہ ہوا تھا۔ جہاز میں عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 243 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد جہاز کے مسافروں کے اہل خانہ بڑی تعداد میں ریسکیو مرکز پہنچ گئے  جہاں وہ اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

 یہ بھی پڑھیں :انڈونیشیا میں 6.2 شدت کا زلزلہ ، شہریوں میں خوف وہراس

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اب تک 108 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ بعض بچ جانے والے مسافروں کو دوسرے بحری جہازوں کے ذریعے بندرگاہ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں طبی امداد اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

مسافر نے خوفناک لمحات بیان کردیے

حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک مسافر رینٹو اراہاب نے بتایا کہ جہاز الٹنے کے بعد انہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے ریلنگ کو مضبوطی سے پکڑ لیا۔ ان کے مطابق جہاز مسلسل پانی میں ہچکولے کھا رہا تھا، تاہم وہ کسی طرح اس کے نسبتاً بلند حصے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے دوران صورتحال اس قدر خوفناک تھی کہ انہیں محسوس ہوا جیسے اب سب کچھ قسمت کے حوالے ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں وہ اپنی زندگی اور سلامتی کے لیے دعا کرتے رہے۔

کئی خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں پریشان

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مسافروں کے رشتہ دار ریسکیو مرکز کے اطراف جمع ہوگئے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ کشتی پر موجود اپنے شوہر ہرمن سے فون پر بات کر رہی تھیں، تاہم حادثے کے بعد اچانک ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس کے بعد وہ اپنے شوہر کے بارے میں کسی قسم کی اطلاع حاصل نہیں کرسکیں۔

خاندانوں کی بڑی تعداد اپنے پیاروں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے حکام سے رابطے میں ہے، جبکہ ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کی تلاش میں سمندر کے مختلف حصوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔

حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری

انڈونیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ ڈوڈی پروواگاندھی کے مطابق علاقے سے گزرنے والے ایک ہیلی کاپٹر نے جہاز کے الٹنے کی اطلاع دی تھی۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم ابتدائی طور پر خراب موسم کو حادثے کے وقت موجود اہم عوامل میں شمار کیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :انڈونیشیا میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

بنجارماسن میں سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے دفتر کے سربراہ آئی پوتو سودایانا نے بتایا کہ بچائے جانے والے مسافروں کو دوسرے جہازوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ان میں سے بعض افراد کو مشرقی جاوا کی ایک بندرگاہ لے جایا جائے گا۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاپتا افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے اور امدادی ٹیمیں ممکنہ طور پر مزید زندہ بچ جانے والوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حادثے کے مکمل حالات اور وجوہات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکیں ۔

editor

Related Articles