پیٹرولیم ڈیلرز کا ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول فروخت کرنے سے انکار

پیٹرولیم ڈیلرز کا  ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول فروخت کرنے سے انکار

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں، رکشہ مالکان اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے شروع کی گئی فی لیٹر 100 روپے ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول فروخت کرنے سے انکار کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین انور کمال نے کہا کہ ریلیف اسکیم کی تیاری کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز سے مشاورت نہیں کی گئی، جس کے باعث موجودہ طریقہ کار پر عمل درآمد مشکل ہے۔

انور کمال نے کہا کہ ڈیلرز کو ریلیف اسکیم کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں، ریلیف صارفین کو براہ راست اور آسان طریقہ کار کے ذریعے فراہم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث ڈیلرز کا سرمایہ پہلے ہی متاثر ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذمے اربوں روپے واجب الادا ہیں۔

انور کمال کا کہنا تھا کہ ریلیف اسکیم کا مالی بوجھ پیٹرولیم ڈیلرز پر ڈالنا قابل عمل نہیں، ایسوسی ایشن نے ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت سستا پیٹرول فراہم کرنے کی صورت میں ڈیلرز کو رقم کی ادائیگی کیسے کرے گی۔ انور کمال کے مطابق ڈیلرز گزشتہ 3 روز سے حکومت سے رابطے میں ہیں تاہم انہیں تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نے واضح کیا کہ موجودہ شکل میں ڈیلرز حکومت کی ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول فروخت نہیں کریں گے۔

حکومت کی جانب سے 100 روپے فی لیٹر ریلیف اسکیم

وفاقی حکومت نے 13 ستمبر کو موٹر سائیکل سواروں، رکشہ مالکان اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کی تھی۔

یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں سے عوام پر پڑنے والے بوجھ سے پوری طرح آگاہ ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں کے مالکان اور صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

800 سی سی تک انجن رکھنے والی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار کی آسان رجسٹریشن کی ہدایت

ایک روز قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کا عمل آسان اور قابل رسائی رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو عوامی آگاہی بڑھانے اور پیٹرول اسٹیشنز پر اسکیم کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

نائب وزیراعظم نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام تک اسکیم کی معلومات پہنچائیں اور شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کریں۔

انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن میں معاونت کے لیے شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول ریلیف اسکیم اسلام آباد میں پہلے ہی فعال ہے جبکہ ملک بھر میں اس کا نفاذ 16 ستمبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے شروع کیا جائے گا۔

Related Articles