افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہورہی، آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی کو شواہد کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا، طلال چودھری

افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہورہی، آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی کو شواہد کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا، طلال چودھری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں نام نہاد ایکشن کمیٹی کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا ہے ۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں ،  پاکستان میں دہشت گردی کے لیے سہولت کاری کرنے والا ایک ٹیرر کرائم نیٹ ورک سرگرم ہے، جس کے خلاف کارروائی کا آغاز ضیا نامی شخص کی گرفتاری سے ہوا،  ضیا آزاد کشمیر کا رہائشی ہے اور گزشتہ 8 سے 10 برس سے اسلحے کے کاروبار سے وابستہ ہے۔

 طلال چوہدری نے کہا کہ بہت سے لوگ ان سرگرمیوں کو اپنا کاروبار قرار دیتے ہیں، تاہم حکومت انہیں ’ٹیرر کرائم‘ سمجھتی ہے،  اس نیٹ ورک میں گاڑیوں کی اسمگلنگ، منشیات کا کاروبار، غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات اور اسلحے کی فراہمی شامل ہے، جو عام جرائم پیشہ عناصر سے لے کر بڑے نیٹ ورکس تک پہنچائی جاتی ہیں۔

 ایکشن کمیٹی کو دستیاب شواہد کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا

وزیر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر میں ایک جماعت کو کالعدم قرار دیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی بہت سے سوالات اٹھائے گئے تھے کہ یہ کشمیریوں کے حقوق کی سیاسی جماعت یا کوئی کمیٹی ہے اور اسے سیاسی بنیادوں پر کالعدم قرار دیا گیا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اس وقت بھی واضح کیا گیا تھا کہ جماعت کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ دستیاب شواہد کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا، جن کی تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے بہت سی چیزیں سامنے آ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی بعض آڈیوز بھی لوگوں نے سنیں، تاہم ان کے حوالے سے یہ سوال اٹھایا گیا کہ آیا وہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہیں یا ان میں ردوبدل کیا گیا ہے،  ان معاملات کی حقیقت جاننے کے لیے شواہد اور تحقیقات کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس دہشت گردی اور اس کی معاونت کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کے لیے شواہد موجود ہیں اور ان معاملات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے حقائق اور تحقیقات کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ایک شخص گزشتہ کئی برس سے مختلف افراد کو اسلحہ فراہم کرنے کے کام میں ملوث ہے، جبکہ گزشتہ دو برس سے وہ ایک مخصوص گروہ کے لوگوں کو براہِ راست اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ اکبر نامی ایک سرکاری ملازم بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہے، جسے ہر پھیرے کے عوض رقم دی جاتی تھی ، افغانستان سے اسلحہ پہلے باڑہ، خیبرپختونخوا پہنچایا جاتا ہے، جہاں سے اسے آزاد کشمیر منتقل کیا جاتا ہے ، اس پورے عمل میں مقامی سہولت کاری بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایکس نے پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا میں ملوث بی ایل اے کے حرام خور میر یار بلوچ کا اکاؤنٹ معطل کردیا

طلال چودھری نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب 38 میں سے 37 مطالبات تسلیم یا جزوی طور پر مان لیے گئے اور ان پر عملدرآمد بھی شروع ہوگیا تو اچانک لانگ مارچ کا اعلان کردیا گیا،  اس کے بعد ایسا ماحول پیدا کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہ رہے۔

وزیر مملکت کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور کے اندر بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلے، تاہم اسی روز تشدد کا واقعہ پیش آیا ، ان کا کہنا تھا کہ یہ محض اتفاق نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے ایک مکمل مہم جاری تھی۔

طلال چودھری نے کہا کہ تشدد کے لیے کی جانے والی تیاری ایک روز میں نہیں ہوئی بلکہ ضیا گزشتہ دو سال سے متعلقہ افراد کو اسلحہ فراہم کررہا تھا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ضیا نامی شخص کا مکمل اعترافی ویڈیو بیان بھی میڈیا کے سامنے چلایا گیا۔

editor

Related Articles