امریکی ریاست مشی گن میں تربیتی مشن کے دوران ٹیکساس ایئر نیشنل گارڈ کا ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، تاہم طیارے میں موجود پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچالی۔ پائلٹ کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ جمعرات کو مشی گن کے گرینڈ ٹریورس کاؤنٹی کے دیہی علاقے میں پیش آیا۔ ایف 16 طیارہ ٹیکساس ایئر نیشنل گارڈ کی 149 ویں فائٹر ونگ سے وابستہ تھا اور معمول کے تربیتی مشن پر پرواز کر رہا تھا۔ یہ تربیتی سرگرمیاں الپینا میں قائم ایئر نیشنل گارڈ کے کومبیٹ ریڈینس ٹریننگ سینٹر سے کی جا رہی تھیں۔
149 ویں فائٹر ونگ کے ترجمان کے مطابق پائلٹ نے طیارہ زمین سے ٹکرانے سے پہلے بحفاظت ایجیکٹ کیا۔ حکام نے پائلٹ کی شناخت یا اسے پہنچنے والی چوٹوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم مقامی حکام کے مطابق وہ ہوش میں تھا اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے بات چیت کر رہا تھا۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے دھویں کے بڑے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ مقامی حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت حادثے کے مقام کے ایک میل کے دائرے میں موجود شہریوں کو عارضی طور پر علاقہ خالی کرنے یا محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت کی۔
حکام کے مطابق طیارے کے ملبے سے خطرناک کیمیائی مواد کے اخراج کا خدشہ بھی پیدا ہوا جس کے باعث امدادی کارروائیوں کے دوران علاقے کو محدود رکھا گیا۔ بعد ازاں حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد انخلا کی ہدایات ختم کردیں۔
حادثے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی اور امریکی حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی فضائی مواصلاتی ریکارڈ میں طیارے کے ممکنہ طور پر پرندے سے ٹکرانے کا ذکر سامنے آیا ہے، تاہم اسے حادثے کی حتمی وجہ قرار نہیں دیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق ٹیکساس ایئر نیشنل گارڈ کے ایف 16 طیارے مشی گن میں سالانہ تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ موجودہ حادثے کا مزید جائزہ مکمل ہونے کے بعد ہی طیارے میں خرابی یا حادثے کی دیگر وجوہات کے بارے میں حتمی معلومات سامنے آسکیں گی۔