پلاسٹک کی بوتلیں اب پھینکیں نہیں کیونکہ یہ بنیں گی اب کمائی کاذریعہ ، پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے شہریوں کے لیے گرین کریڈٹ پروگرام متعارف کرادیا ہے، جس کے تحت مختلف ماحول دوست اقدامات کرنے والے افراد کو مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔
حکومت کے مطابق اس پروگرام کا مقصد شہریوں کو ماحول کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے اور اس کے تحت پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرنے، الیکٹرک بائیک یا اسکوٹی استعمال کرنے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرنے، درخت لگانے اور سائیکل چلانے سمیت مختلف ماحول دوست سرگرمیوں پر گرین کریڈٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
پلاسٹک بوتلیں جمع کرنے پر کتنی رقم ملے گی؟
پروگرام کے تحت ایک کلو خالی پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرانے پر 2500 روپے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ایک شہری زیادہ سے زیادہ چار کلو پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرا سکتا ہے ، اس طرح مقررہ مقدار مکمل ہونے کی صورت میں مجموعی طور پر 10 ہزار روپے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ای بائیک اور اسکوٹی پر بھی مالی فائدہ
میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکٹرک بائیک یا اسکوٹی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے بھی مالی مراعات رکھی گئی ہیں اور ای بائیک کی خریداری پر 50 ہزار روپے جبکہ اسے 6000 کلومیٹر تک چلانے کے بعد مزید 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، یعنی مجموعی رقم ایک لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے۔
پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام میں ماحول دوست سرگرمیوں کے دیگر مواقع بھی شامل کیے گئے ہیں ، ان میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کی اطلاع دینا، بارش کے پانی کو محفوظ بنانا، 10 پودے لگانا اور سائیکل کا استعمال سمیت مجموعی طور پر 38 ماحول دوست اقدامات شامل ہیں۔
شہریوں کو ماحول کے ساتھ مالی فائدہ بھی
حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے شہریوں کو ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ مالی فائدہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔