ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج کے موسم کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج موسم مجموعی طور پر صاف رہنے کی توقع ہے اور بارش کا امکان نہیں۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 22 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں ہوا کی رفتار تقریباً 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ نمی کا تناسب 81 فیصد ہے۔

کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا فضائی معیار تسلی بخش ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے ہیں۔ شہریوں کو موسم میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بارش کے باعث ان علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بارش کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں فرق برقرار ہے۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری، قلات میں 28، زیارت میں 23، ژوب میں 32، سبی میں 39 جبکہ تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری، چمن میں 33، ساحلی علاقے گوادر میں 32 جبکہ جیوانی میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال میں علاقائی فرق برقرار رہے گا۔ ایک جانب میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس کی کیفیت رہنے کا امکان ہے تو دوسری جانب بالائی علاقوں میں بادل بننے اور بعض مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال اور مقامی پیشگوئیوں سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بارش والے علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو ممکنہ موسمی تبدیلیوں کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles