سعودی عرب کی جانب سے بڑی پیشکش، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

سعودی عرب کی جانب سے بڑی پیشکش، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آج  جمعرات کو ابتدائی کاروبار کے دوران گرگئیں۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی ترسیل کی پیشکش سامنے آنے کے بعد مشرقِ وسطیٰ سے سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کچھ کم ہوئے ہیں، جس کا فوری اثر تیل کی قیمتوں پر بھی دکھائی دیا۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کی تیل سپلائی خطرے میں؟ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ

رپورٹ کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 0.04 فیصد کمی ہوئی اور یہ 105.8 ڈالر فی بیرل پر آگئی ، امریکی خام تیل 0.08 فیصد کمی کے بعد 102.3 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت 0.04 فیصد اضافے کے ساتھ 123.8 ڈالر فی بیرل رہی۔

سعودی عرب کے اقدام سے سپلائی کے خدشات میں کمی

نسان سیکیورٹیز کے چیف اسٹریٹجسٹ ہیرویوکی کیکُوکاوا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمان کے ذریعے تیل کی ترسیل کی اطلاعات نے سپلائی میں مزید سختی کے خدشات کو کسی حد تک کم کیا ہے ،  آئندہ ہفتے امریکا اور چین کے درمیان ہونے والی سربراہی ملاقات سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کی توقعات بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کو محدود کر رہی ہیں۔

یوں ایک طرف خطے میں سپلائی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، تاہم سعودی عرب کے تازہ اقدام نے مارکیٹ میں فوری دباؤ کو کچھ کم کیا ہے۔

چند روز قبل تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر 

رواں ہفتے کے آغاز میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تقریباً چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں ،  اس دوران سعودی عرب کی بحیرۂ احمر کی بندرگاہ ینبع سے خام تیل کی برآمدات میں رکاوٹ کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

اس کے علاوہ یورپی خریداروں کے لیے بعض کارگو منسوخ ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں، جس سے عالمی سپلائی کے حوالے سے تشویش بڑھی اور قیمتوں کو اوپر جانے میں مدد ملی۔

اب سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی ترسیل کی پیشکش نے مارکیٹ میں صورتحال کا رخ کچھ تبدیل کیا ہے۔

امریکی ذخائر میں بھی کمی، مگر توقع سے کم

دوسری جانب امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار بیرل کمی ہوئی۔

تاہم یہ کمی تجزیہ کاروں کی متوقع 16 لاکھ 20 ہزار بیرل کمی کے مقابلے میں کہیں کم رہی ، اس اعداد و شمار نے بھی عالمی تیل مارکیٹ میں طلب اور سپلائی کی صورتحال پر توجہ برقرار رکھی ہے۔

فی الحال عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، ممکنہ سپلائی رکاوٹیں اور امریکا و چین کے آئندہ رابطے اہم عوامل بنے ہوئے ہیں،  آنے والے دنوں میں ان عوامل میں کسی بھی بڑی تبدیلی کا براہِ راست اثر تیل کی عالمی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔

editor

Related Articles