نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انتقال کر جانے والے شہریوں کے شناختی کارڈ کی منسوخی سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونین کونسل کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر شناختی کارڈ خودکار طور پر منسوخ نہیں ہوتا، بلکہ متعلقہ ریکارڈ کی بنیاد پر عارضی طور پر غیرفعال کیا جاتا ہے۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونین کونسل کے ریکارڈ میں کسی شہری کو متوفی قرار دیے جانے اور نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ کی باقاعدہ منسوخی کے مراحل الگ الگ ہیں۔
ترجمان کے مطابق یونین کونسل کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر نادرا کو یہ اطلاع موصول ہوتی ہے کہ متعلقہ شخص کو مقامی سرکاری ریکارڈ میں متوفی ظاہر کیا جا چکا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر شناختی کارڈ عارضی طور پر غیرفعال ہو سکتا ہے، تاہم اس کی باقاعدہ منسوخی کے لیے الگ طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ متوفی شہری کا شناختی کارڈ منسوخ کرانے کے لیے اہل خانہ یا قریبی رشتہ دار اتھارٹی سے رجوع کر سکتے ہیں۔ درخواست گزار کی بائیومیٹرک تصدیق کی جاتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ متوفی کے خاندانی ریکارڈ اور فیملی ٹری کا حصہ ہے۔
ترجمان کے مطابق اس تصدیقی عمل کا مقصد شناختی کارڈ کی منسوخی کے لیے درخواست دینے والے شخص کی شناخت اور متوفی سے اس کے خاندانی تعلق کی تصدیق کرنا ہے۔
نادرا کی وضاحت کے بعد شہریوں کے لیے یہ بات اہم ہے کہ یونین کونسل کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونا شناختی کارڈ کی خودکار اور حتمی منسوخی کے مترادف نہیں۔ شناختی کارڈ کی باقاعدہ منسوخی کے لیے اہل خانہ یا متعلقہ قریبی رشتہ دار کو نادرا کے مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواست دینا ہوگی۔