بینک ٹرانزیکشنز اور ظاہر کردہ وسائل کا جائزہ شروع، فضل الرحمٰن کے نیٹ ورک کی کالی کمائی سفید کرنے کے دن ختم

بینک ٹرانزیکشنز اور ظاہر کردہ وسائل کا جائزہ شروع، فضل الرحمٰن کے نیٹ ورک کی کالی کمائی سفید کرنے کے دن ختم

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں سے منسوب مبینہ ٹیکس چوری، آمدن چھپانے اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں شکایت جمع کرائی گئی ہے۔ شکایت میں پانچ افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس، ذرائع آمدن اور مالی لین دین کی جانچ پڑتال کرکے مبینہ ٹیکس خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کو موصول ہونے والی شکایت میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے نام شامل ہیں۔ شکایت گزار نے متعلقہ افراد کے ٹیکس گوشواروں، اثاثوں اور بینک ٹرانزیکشنز کا تقابلی جائزہ لینے کی درخواست کی ہے تاکہ آمدن اور ظاہر کردہ مالی وسائل میں ممکنہ فرق کا تعین کیا جا سکے۔

شکایت میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کی مالی سرگرمیوں کی جانچ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح لطف الرحمان کے مختلف بینکوں میں موجود اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں کا ٹیکس قوانین کے تحت جائزہ لینے کی درخواست کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بغیر تصدیق کوئی کارڈ منسوخ نہیں ہوگا، نادرا نے خاندانی ریکارڈ اور فیملی ٹری کے تحفظ کے لیے بائیومیٹرک لازمی کر دی

درخواست میں ضیاء الرحمان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر موجود غیر واضح رقوم کی چھان بین کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ شکایت گزار نے اسعد محمود کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ کرکے ممکنہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کے الزامات کی حقیقت معلوم کرنے کی استدعا کی ہے۔

ابرار احمد خان کے حوالے سے شکایت میں ان کے بینک اکاؤنٹس، ٹریول اینڈ ٹورز کاروبار اور متعلقہ مالی معاملات کی تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی لین دین کا جائزہ لینے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

شکایت گزار نے ایف بی آر سے کہا ہے کہ نامزد افراد کے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں، بینک ریکارڈ اور ذرائع آمدن کا باہمی تقابل کیا جائے، مبینہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور مشتبہ مالی لین دین کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں سے متعلق مالی الزامات کی شکایت ایف بی آر تک پہنچنے کے بعد معاملہ متعلقہ ٹیکس حکام کے سامنے آگیا ہے۔ تاہم شکایت میں عائد الزامات کی حتمی حیثیت ایف بی آر کی جانچ پڑتال اور تحقیقات کے نتائج سے واضح ہوگی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles