غیر قانونی مواد کے خلاف کارروائی، پی ٹی اے نے دو بڑی ایپس کو رجسٹر کر لیا

غیر قانونی مواد کے خلاف کارروائی، پی ٹی اے نے دو بڑی ایپس کو رجسٹر کر لیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے لائیو اسٹریمنگ ایپ بیگو لائیو اور شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم لائیکی کو باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا، اب دونوں پلیٹ فارمز کو پاکستانی قوانین اور آن لائن مواد سے متعلق ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی اور آن لائن مواد سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کے لیے ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لائیو اسٹریمنگ ایپ بیگو لائیو’BIGO LIVE ‘اور مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارم لائیکی’Likee‘ کی باضابطہ رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اب تصویر بھیجنا ہوگا مزید آسان، واٹس ایپ نے متعارف کرا دیا نیا فیچر

پی ٹی اے کے مطابق دونوں ایپس کو پاکستان میں ان کی مقامی کمپنی بیگو سروس پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ. کے تحت رجسٹر کیا گیا ہے۔

آن لائن مواد کے قوانین کے تحت رجسٹریشن

پی ٹی اے کے مطابق یہ رجسٹریشن غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے سے متعلق 2021 کے قواعد (Removal and Blocking of Unlawful Online Content Rules) کے تحت کی گئی ہے۔

ان قواعد کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے متعلقہ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن ضروری ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ BIGO کے ساتھ مزید قریبی رابطے میں رہ کر مواد کی نگرانی، ذمہ دارانہ استعمال اور پاکستانی قوانین پر عمل درآمد کو بہتر بنانا چاہتی ہے۔

پی ٹی اے نے اس اقدام کو بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ تعاون بڑھانے اور صارفین کے لیے محفوظ آن لائن ماحول قائم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اس سے پہلے بھی رجسٹر ہو چکی ہیں ایپس

یہ پہلا موقع نہیں کہ بیگو سروس پاکستان نے پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹریشن کروائی ہو۔ جنوری 2022 میں بھی کمپنی کو BIGO LIVE، Likee اور Snack Video کے لیے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:صرف ایلومینیم سے بیٹری کی عمر بڑھانے کا نیا طریقہ دریافت

صارفین کے لیے اس فیصلے کا کیا مطلب ہے؟

ان ایپس کی باضابطہ رجسٹریشن کے بعد صارفین کو شکایات درج کروانے اور مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کو ہٹوانے کے لیے متعلقہ کمپنی کے ساتھ رابطے کا ایک باقاعدہ ذریعہ دستیاب ہوگا۔

اس کے علاوہ پلیٹ فارمز سے توقع کی جائے گی کہ وہ غیر قانونی مواد کی روک تھام، شکایات کے ازالے اور مواد کی نگرانی کے حوالے سے پی ٹی اے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی آن لائن مواد سے متعلق قوانین کے تحت نگرانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ٹک ٹاک نے پاکستان میں اپنے قواعد کی خلاف ورزی پر 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹانے کی اطلاع دی تھی۔

editor

Related Articles