ایم ڈی کیٹ 2026 : ملک بھر سے آج ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار امتحان میں شریک ہونگے

ایم ڈی کیٹ 2026 : ملک بھر سے آج ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار امتحان میں شریک ہونگے

کراچی سمیت ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 آج منعقد ہوگا، ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدواروں کی نظریں اہم امتحان پر ہیں، جبکہ سندھ بھر میں امتحانی مراکز پر سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت کیا جا رہا ہے، جہاں ہزاروں امیدوار میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے امتحان دیں گے۔

سندھ میں 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم

سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد شامل ہیں۔

سندھ میں آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے تحت 34 ہزار 235 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شرکت کریں گے، جبکہ کراچی میں دو امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں ٹیسٹ ہوگا۔

حکام کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی میں تقریباً 6 ہزار جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 4 ہزار 964 امیدوار ٹیسٹ دیں گے۔ یوں کراچی میں مجموعی طور پر تقریباً 11 ہزار طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوں گے۔

پنجاب کے 15 شہروں میں امتحانی مراکز

ایم ڈی کیٹ  کل پنجاب کے 15 شہروں میں منعقد ہوگا، امتحان کے لیے صوبے بھر میں 31 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 19 ہزار 201 امیدوار شریک ہوں گے۔

لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 6 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 12 ہزار 30 امیدوار امتحان دیں گے۔ ان میں 9 ہزار 150 طالبات اور 2 ہزار 880 طلبہ شامل ہیں۔

تمام صوبوں کے رجسٹرڈ امیدوار

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدوار رجسٹرڈ ہیں ، پنجاب کے میڈیکل کالجز کے لیے 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841 اور سندھ میں 34 ہزار 233 امیدوار ٹیسٹ دیں گے۔

بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 721 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔اسلام آباد میں ایک ہزار 245 جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں 237 امیدوار امتحان دینے کے اہل ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا ہے ، ہر صوبے کے لیے علیحدہ پرچہ ہوگا جبکہ کم از کم دو اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ہر پرچے میں امیدواروں کے لیے 180 سوالات شامل ہوں گے۔

امتحانات سے متعلق ہدایات

ایم ڈی کیٹ کا امتحان آج اتوار کو صبح 10 بجے شروع ہوگا، جبکہ امیدواروں کے لیے رپورٹنگ کا وقت صبح ساڑھے 6 بجے مقرر کیا گیا ہے۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچیں۔ ٹیسٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا۔

امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام امیدواروں کو ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔

امتحان ختم ہونے کے بعد امیدوار سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ نہیں لے جاسکیں گے۔ انہیں مرکز سے روانہ ہونے سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : کہانیاں لکھ کر 6 ہزار ڈالر تک کمائیں، معاوضہ دینے والی 5 عالمی ویب سائٹس سامنے آگئیں

حکام کے مطابق سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کا نتیجہ منسوخ کردیا جائے گا۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے پر پابندی ہوگی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ امتحان کے دوران کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

پیپر لیک روکنے کا وعدہ، والدین کے لیے بھی انتظامات

پروفیسر آصف احمد شیخ نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا پیپر لیک نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس حوالے سے کیے گئے وعدے کو ایک بار پھر دہرایا گیا ہے۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی۔

امتحانی ہال میں امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ پی ایم ڈی سی کے مطابق والدین اور سرپرستوں کے لیے امتحانی مراکز پر دیگر ضروری انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

جیوینائل کارڈ کی شرط ختم، اصل مارک شیٹ کی جانچ ہوگی

ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی یہ بھی کی گئی ہے کہ جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے،  جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں بھی امیدوار امتحان میں شرکت کرسکیں گے۔

تاہم امتحانی مرکز پر امیدواروں کی شناخت کے لیے اصل مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی، اس لیے امیدواروں کو شناخت اور دستاویزات سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پلاسٹک بوتلیں اب بنیں گی کمائی کا ذریعہ، شہری کیسے رقم حاصل کرسکتے ہیں؟

حکام نے امیدواروں پر زور دیا ہے کہ وہ امتحانی مرکز پر بروقت پہنچیں، ممنوعہ اشیا ساتھ نہ لائیں اور امتحان کے دوران جاری کردہ تمام ضوابط کی پابندی کریں۔

editor

Related Articles