گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کے اسلام آباد سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جنید اکبر کی جانب سے اسلام آباد کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کی دھمکی ایک بار پھر تشدد، دھمکی اور تباہی کی سیاست کا مظاہرہ ہے، جسے ’’تحریکِ انتشار‘‘ نے معمول بنا لیا ہے۔
اداروں کو بدنام کرنے کا الزام
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ وہی سیاست ہے جو ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور بڑھتے ہوئے تصادمی اور ریاست مخالف بیانیے کو ہوا دینے پر پروان چڑھتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے حالات کا حوالہ
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب خیبرپختونخوا کے عوام پہلے ہی دہشت گردی، معاشی مشکلات اور حکمرانی کی ناکامیوں کے باعث تباہ کن قیمت چکا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا جواب وفاقی دارالحکومت کو انتشار کی دھمکی دینا ہے۔
خیبرپختونخوا واپس آئیں
گورنر خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حوصلہ کریں، خیبرپختونخوا واپس جائیں اور جس صوبے کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں، اس کی ذمہ داری قبول کریں۔
27 ستمبر کا احتجاج
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ جنید اکبر نے حالیہ خطاب میں کہا تھا کہ پارٹی کارکن اسلام آباد مختلف راستوں سے پہنچیں گے اور شہر کو سومنا ت بنانے کی بات بھی کی تھی۔
فیصل کریم کنڈی اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ 27 ستمبر کو پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں پہنچے گی اور صوبائی حکومت کو احتجاج کے بجائے خیبرپختونخوا میں امن و امان اور گورننس پر توجہ دینی چاہیے۔